نانبائیوں کا راولپنڈی میں روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ
راولپنڈی میں آٹے، میدے اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث نانبائیوں نے روٹی کی سرکاری قیمت میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں 25 روپے سے کم قیمت پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
نانبائی ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں آٹا، میدہ اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے تندور چلانے کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا نانبائیوں کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جس سے پیداواری لاگت تقریباً دگنی ہو گئی ہے۔ نانبائیوں کا کہنا ہے کہ ان حالات میں 14 روپے کی سرکاری قیمت پر روٹی فروخت کرنا معاشی طور پر ممکن نہیں رہا۔
صدر نانبائی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے روٹی کی نئی قیمت کم از کم 25 روپے مقرر کی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر فوری طور پر نئے نرخ مقرر کیے جائیں، بصورت دیگر تندوروں کا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






