ای پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے نئی فیسوں کا اعلان
حکومتِ پاکستان نے عام پاسپورٹ سے جدید ای پاسپورٹ کی جانب منتقلی کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے 2026 کے لیے نئی فیسوں کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں حامل کا بائیومیٹرک اور ذاتی معلومات محفوظ ہوں گی۔ یہ پاسپورٹ بین الاقوامی ادارہ برائے شہری ہوا بازی (ICAO) کے معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور اس میں این ایف سی (NFC) چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، جس سے ہوائی اڈوں پر شناخت اور تصدیق کا عمل مزید محفوظ اور تیز ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ای پاسپورٹ کی بدولت پاکستانی شہری دنیا بھر کے متعدد ایئرپورٹس پر e-Gate کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے امیگریشن کے مراحل میں وقت کی بچت ہوگی اور طویل قطاروں سے بھی نجات ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم وصول کرنے کا نظام ختم کر دیا گیا ہے اور فیسوں کی ادائیگی مکمل طور پر آن لائن اور کیش لیس کر دی گئی ہے، تاکہ شہریوں کو زیادہ آسان اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔
2026 کے لیے جاری کردہ نئے فیس شیڈول کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 10 سالہ 36 صفحات والے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے اور ارجنٹ فیس 22 ہزار 500 روپے ہوگی۔ 72 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 16 ہزار 500 روپے اور ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 10 سالہ 72 صفحات والے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 روپے اور ارجنٹ فیس 40 ہزار 500 روپے ہوگی۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ کے اجرا سے سفری دستاویزات کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی، سرحدی نگرانی کا نظام بہتر ہوگا اور پاکستانی شہریوں، خصوصاً بیرونِ ملک مقیم افراد، کو عالمی معیار کی جدید، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






