وزیراعظم کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی اجلاس کی اہم تفصیلات سامنے آ گئیں ،جانئے تفصیل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں پولیس، سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں نے جانوں کی قربانیاں دیں، جبکہ بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور قوم ان کے ساتھ متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کو بیرونی معاونت حاصل ہے اور انہیں اسلحہ و مالی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث عناصر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر یکسو ہے اور مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال معرکہ حق میں کامیابی اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمن عناصر کو برداشت نہیں ہو رہیں، تاہم شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرے گا۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبے میں امن و استحکام کے لیے آئندہ کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حالیہ بریفنگ میں بتایا تھا کہ بلوچستان میں گزشتہ چار روز کے دوران دہشت گردی کے تین بڑے واقعات میں 42 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کارروائیوں میں 54 دہشت گرد مارے گئے۔ ان کے مطابق دہشت گرد حملوں کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز اور عوام نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close