سیاست میں بڑی تبدیلی،ن لیگ نے پی ٹی آئی کی کئی وکٹیں اڑا لیں

آزاد جموں و کشمیر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات، موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد کی سیاسی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر بریفنگ دی، جبکہ انتخابی مہم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تنظیمی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔

رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو اپنی آزادانہ رائے کے مطابق نمائندے منتخب کرنے کے لیے پرامن، شفاف اور سازگار انتخابی ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں غیرجانبدار، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، کیونکہ شفاف انتخابات ہی عوامی اعتماد اور جمہوری نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں بھرپور حصہ لے گی، جبکہ ملاقات کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) کے وفد نے پرامن، منظم اور مؤثر انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close