ایران، امریکا کشیدگی پر قطر اور چین متحرک، دونوں ممالک نے بڑا مطالبہ کر دیا

ایران امریکا کشیدگی: قطر اور چین کی تحمل اور سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قطر اور چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور سفارتی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

قطر نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر کیے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔

قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کو بلاجواز حملوں کے نتائج سے محفوظ رکھنا ضروری ہے، جبکہ کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

بیان میں ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ قطر ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم ثالثی کردار ادا کرتا رہا ہے۔

دوسری جانب چین نے بھی ایران میں امریکی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کو دوبارہ بھڑکانا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، جبکہ فوجی کارروائیاں مسائل کا حل نہیں ہوتیں۔

چین نے ایران اور امریکا دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور اختلافات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوشش کریں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق قطر اور چین کے حالیہ بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی حل کی حمایت کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close