شدید گرمی سے 4 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے

برسلز: یورپ کے مختلف ممالک میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جس کے نتیجے میں 4 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ماہرین نے آنے والے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں گزشتہ ہفتے تقریباً 80 برس بعد بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ فرانسیسی وزیر صحت کے مطابق ملک میں شدید گرمی کے باعث 2 ہزار 25 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

اسپین میں بھی گرمی کی شدت نے سنگین صورتحال پیدا کر دی، جہاں کارلوس ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جون کے دوران شدید گرمی کے باعث ایک ہزار 28 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ادھر نیدرلینڈز میں 22 سے 28 جون کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے پر 480 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ بیلجیئم میں 18 سے 29 جون کے درمیان ایک ہزار 200 سے زائد افراد گرمی سے متاثر ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

برطانیہ میں بھی شدید گرمی برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں تیسری ہیٹ ویو آنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین کے مطابق غیر معمولی موسمی شدت اور طویل دورانیے کی ہیٹ ویوز یورپ میں صحت عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close