اداکارہ مومنا اقبال کیس میں ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں تیرہ جولائی تک توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے ثاقب چدھڑ کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم بھی دیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا موبائل فون تفتیش کے لیے درکار تھا، جو انہیں گزشتہ روز موصول ہوا ہے، تاہم تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی، اس پر عدالت نے تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔
عدالت میں اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ثاقب چدھڑ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر تفتیش میں تاخیر کروا رہے ہیں تاکہ تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کر کے رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






