اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے مون سون اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور مؤثر تعاون ضروری ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون سیزن کی تیاری، موسمیاتی تغیرات اور ممکنہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) رواں ہفتے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کریں تاکہ مون سون سے قبل حفاظتی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لے کر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی نگرانی میں این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ وفاقی وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم کی جائے گی، جو صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر عملی تعاون کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی فنڈ کی پیشگی تیاری مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مالی معاونت سے جاری منصوبوں کو قومی اور مقامی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں قومی آبی تحفظ اور سلامتی سے متعلق منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گزشتہ تجربات کی روشنی میں مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع روڈ میپ تیار کیا جائے، جبکہ صوبائی حکومتیں خطرے سے دوچار اضلاع میں دریاؤں کی گزرگاہوں، سیلابی راستوں پر قائم تجاوزات اور دیگر رکاوٹوں کو پیشگی ختم کریں۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ مون سون کے دوران اپنی مکمل ادارہ جاتی اور تکنیکی صلاحیتیں عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے بروئے کار لائی جائیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ رواں سال دنیا بھر میں شدید گرمی کی لہروں اور غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں کے امکانات ہیں، جبکہ پاکستان میں جولائی کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






