اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر قانونی ذبح خانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سکھ چین ٹاؤن یعقوب آبادی میں ایک ذبح خانے پر چھاپہ مار کر 10 من سے زائد بکرے اور بڑے جانوروں کا مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عثمان امین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عبدالعظیم کی سربراہی میں کی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا گوشت انتہائی بدبودار اور خراب حالت میں تھا، جبکہ ویٹرنری ڈاکٹر نے معائنے کے بعد اسے انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ اور ناقابلِ استعمال قرار دیا۔
حکام کے مطابق ملزمان فدا حسین، بلال اور اعظم کے خلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






