آسمانی بجلی گرنے کے باعث مدرسے میں موجود طالبات جھلس کر شدید زخمی

دیر بالا: خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں آسمانی بجلی گرنے سے خواتین کے ایک دینی مدرسے کی 20 طالبات جھلس کر زخمی ہو گئیں۔

اطلاعات کے مطابق بارش کے دوران اوصوڑئی درہ کے گاؤں رانگوں میں واقع مدرسے پر آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں مدرسے میں موجود 20 سے زائد طالبات زخمی ہو گئیں۔

حادثے کے فوری بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور زخمی طالبات کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد واڑی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں مزید علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ طالبات کے اہل خانہ اپنی بچیوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے پہلے مدرسے اور بعد ازاں اسپتال پہنچ گئے۔ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد بھی زخمی طالبات کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچ گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close