اسلام آباد: یکم جولائی سے نئے مالی سال کے ٹیکس اقدامات نافذ ہونے کے ساتھ ہی خواتین کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے، کیونکہ درآمدی میک اپ، پرفیومز، بیوٹی آلات اور پرسنل کیئر مصنوعات پر عائد بعض ڈیوٹیوں میں کمی کر دی گئی ہے۔
فنانس بل 2026-27 کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سے درآمد ہونے والی مختلف کاسمیٹکس اور بیوٹی مصنوعات پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیوٹی میں اس کمی کے بعد آنے والے دنوں میں عالمی برانڈز کی متعدد بیوٹی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
فنانس بل کے مطابق جن اشیا پر ڈیوٹی کم کی گئی ہے، ان میں امپورٹڈ میک اپ کٹس، فیس پاؤڈر، فیس شائنر، لپ اسٹک، لپ گلوس، میک اپ بیس کریمز، آئی لائنر، مسکارا اور دیگر میک اپ مصنوعات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امپورٹڈ پرفیومز، باڈی اسپرے، لوشنز، فیس واش، فیشل کریمیں اور موئسچرائزنگ کریمیں بھی نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
بیوٹی آلات میں بال سیدھے کرنے والے اسٹریٹنرز، کرلنگ آلات، ہیئر کلرز، ہیئر لوشنز، ہیئر ریموونگ کریمیں اور درآمدی نقلی زلفوں پر بھی ٹیکس میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس سے ان مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






