بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خاران میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پیشگی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو خاران اور مستونگ میں یہ کارروائیاں کیں اور علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت اور رفتار کے ساتھ جاری رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






