پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام کو پہنچایا جائے گا اور انشاء اللہ پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے پر عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے سے دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور سی ڈی اے میں حفاظتی ضوابط پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے جس پر سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ایف سی بھی مہیا کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید مدد بھی دی جائے گی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے معاملے پر ایک صفحے پر ہیں اور دونوں جماعتیں بروقت انتخابات کی حامی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور وفاقی حکومت ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایک ضلع میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو تو وہاں انتخابات ملتوی کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس وقت کسی ضلع میں الیکشن ملتوی کرنے کی تجویز زیر غور نہیں، صرف راولاکوٹ کی صورتحال تشویش کا باعث ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی، تاہم مذاکراتی عمل انہی کی جانب سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ سے مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، کمیٹی دھرنا ختم کرے، انتخابات میں حصہ لے اور مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانا بھارت کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close