اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پی ہوٹا کی مشترکہ ٹیم نے سیکٹر ایف-7 میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اعضا کی مبینہ خرید و فروخت میں ملوث غیر ملکی باشندوں سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں انسانی پلاسنٹا برآمد کیا گیا، جس میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ پلاسنٹا شامل ہے۔ تمام مواد قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف اسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا حاصل کرنے میں ملوث تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلاسنٹا پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف اسپتالوں سے جمع کیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان انسانی پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضا ظاہر کرکے بیرون ملک بھجواتے تھے۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پراسیس شدہ پلاسنٹا ویتنام برآمد کیا جا رہا تھا، جہاں اسے ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
تحقیقی ادارے کے مطابق ملزمان نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے ایک منظم نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ برآمد شدہ نمونے طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






