قوانین کی خلاف ورزی پر بینک کی مقامی شاخ پر 2 کروڑ کا جرمانہ

دبئی: متحدہ عرب امارات کا مرکزی بینک نے مالیاتی نظام کی شفافیت اور ضابطہ جاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ایک غیر ملکی بینک کی مقامی شاخ پر 2 کروڑ درہم کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور غیر قانونی تنظیموں کی فنڈنگ کی روک تھام سے متعلق قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں کی گئی ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ بینک کی شاخ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف نافذ نظام پر مؤثر عمل درآمد میں مسلسل ناکام رہی، جس سے مالیاتی نظام کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

اسی معاملے میں بینک کے ہیڈ آف کمپلائنس اور منی لانڈرنگ رپورٹنگ آفیسر پر بھی 3 لاکھ درہم کا انفرادی جرمانہ عائد کیا گیا، کیونکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی میں ناکام رہے۔

مرکزی بینک نے واضح کیا کہ وہ اپنے نگرانی اور ضابطہ جاتی اختیارات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام مالیاتی ادارے ملکی قوانین اور بین الاقوامی معیارات کی مکمل پاسداری کریں تاکہ متحدہ عرب امارات کا مالیاتی نظام شفاف، مستحکم اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے قابل اعتماد رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close