گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کا اعلان کر دیا۔
سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود کی پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں نے گلگت بلتستان میں مشترکہ طور پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں نیئر بخاری، قمر زمان کائرہ اور گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین شامل تھے، جبکہ آئی پی پی کی جانب سے صدر آئی پی پی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، راجہ جلال مقبول اور رکن اسمبلی محمد علی شریک ہوئے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے وفود نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان کا حلف آج نہیں ہوگا، کیونکہ اسمبلی اجلاس کے انعقاد کے لیے تاحال گورنر کی منظوری موصول نہیں ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






