سوئٹزرلینڈ: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی قیادت اور سفارتی مہارت کے ذریعے مذاکرات کو اہم مرحلے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سوئٹزرلینڈ میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے موقع پر پاکستانی اور قطری وفود سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نہ صرف ایک ممتاز فوجی رہنما ہیں بلکہ انہوں نے ایک مؤثر سفارتکار کے طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی معاونت کے بغیر مذاکراتی عمل میں موجودہ پیش رفت ممکن نہ ہوتی۔
امریکی نائب صدر نے گفتگو کے دوران مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کی دو اہم شخصیات کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے۔ ان کے بقول بھارت سے ان کی اہلیہ کا تعلق ہے جبکہ پاکستان سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا، جن سے گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی سب سے زیادہ بات چیت ہوئی۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران ماضی میں خطے میں عدم استحکام کا باعث بنتا رہا ہے، تاہم اب ایک مثبت تبدیلی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ایرانی قیادت خطے میں کشیدگی بڑھانے والے کردار سے گریز کرے تو تمام ممالک مل کر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






