افغانستان میں بھارتی پراکسیز کا بھی بندوبست کریں گے، خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران بھارت کی شکست تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، اور اگر بھارت نے دوبارہ کسی ایڈونچر کی کوشش کی تو پاکستان ہر لمحہ تیار ہے، اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی تقریب پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارت کی پراکسی سرگرمیوں کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے معاملے پر پیش رفت ہو چکی ہے، جبکہ بھارت کے اثرات آزاد کشمیر، برطانیہ اور دیگر مقامات پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر قومی پرچم کی توہین بھی کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ اپنی شناخت کی قیمت ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبی وسائل کے تحفظ کے لیے بھی مکمل اقدامات کیے جائیں گے اور پاکستان کے پانی کے ایک قطرے پر بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close