پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا، امریکا اور دیگر بین الاقوامی مقامات کا سفر کرنے والے بزنس کلاس مسافروں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ وفاقی بجٹ 2026-27 میں بین الاقوامی فضائی سفر پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) میں نمایاں کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق امریکا جانے والے بزنس کلاس مسافروں کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم کرکے صرف 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے سفری اخراجات میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے۔
اسی طرح مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے بزنس کلاس ٹکٹوں پر عائد ڈیوٹی ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کرکے 25 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یورپی ممالک کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے کم کرکے 40 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے، جبکہ مشرق بعید اور آسٹریلیا جانے والی پروازوں کے بزنس کلاس ٹکٹوں پر بھی ڈیوٹی 40 ہزار روپے مقرر کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ حکومتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہوا بازی کے شعبے کو فروغ دینا، بین الاقوامی سفر کو زیادہ قابلِ رسائی بنانا اور مسافروں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






