اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں غریب طبقے کے لیے کچھ بھی نہیں رکھا گیا، ہمیں فوری طور پر بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔
قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام آئے گا، یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اس کے ہیں، ہمارے اراکین کو نااہل کیا گیا، ہم اپنی شکایات کس سے کریں؟
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اکتوبر کے بعد ملک کے مقبول ترین رہنما سے ملاقات نہیں ہو رہی، حکومت جواب دے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی وزیراعظم سے بات ہوئی تھی مگر جواب نہیں ملا، اگر کوئی فیصلہ ہو چکا ہے تو ہمیں آگاہ کیا جائے۔
بعد ازاں پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں غریب کے لیے کوئی ریلیف نہیں، نہ بجلی سستی ہوگی، نہ لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی اور نہ ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ بعض سیاسی معاملات پر بھی شفافیت ہونی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





