مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 266 اور پنجاب سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ سردار محمد صفدر خان لغاری انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار صفدر خان لغاری گزشتہ کچھ عرصے سے معدے کے عارضے میں مبتلا تھے اور لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز سرجری کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مرحوم، رکن قومی اسمبلی سردار محمد اظہر خان لغاری کے صاحبزادے تھے اور مسلم لیگ (ن) میں فعال سیاسی کردار ادا کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کی سیاست میں نمایاں شناخت رکھتے تھے۔ وہ پنجاب میں پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ مختلف رہنماؤں اور کارکنوں نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






