اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم عوامی انتباہ جاری کیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ طلبہ اور والدین کسی بھی غیر ملکی جامعہ میں داخلہ لینے سے قبل پروگرام کے منظور شدہ طریقہ تعلیم کی مکمل تصدیق کریں، چاہے وہ آن کیمپس ہو، آن لائن ہو یا مخلوط نظام تعلیم ہو۔
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ متعلقہ پروگرام کا طریقہ تعلیم اس ملک کے ریگولیٹر یا منظوری دینے والے ادارے سے باقاعدہ منظور شدہ ہو، اور اگر کسی پروگرام میں جسمانی حاضری یا مخصوص رہائش کی شرط موجود ہو تو اس پر مکمل عمل کیا جائے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ ہر غیر ملکی ڈگری کے مساوی قرار دینے کی درخواست کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جاتا ہے، جس میں جامعہ کی قانونی حیثیت، پروگرام کی منظوری، تدریسی نظام، مدت اور دیگر شرائط کا تفصیلی معائنہ شامل ہوتا ہے۔
کمیشن نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ بیرون ملک داخلے سے پہلے متعلقہ یونیورسٹی اور پروگرام کے بارے میں مکمل تحقیق کریں تاکہ بعد میں ڈگری کی منظوری یا مساوات کے حوالے سے کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
ایچ ای سی کے مطابق غیر ملکی ڈگریوں کی مساوات کے لیے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں اور ہر درخواست کا فیصلہ مقررہ قواعد و ضوابط اور انفرادی میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





