ایپل کی نئے آئی فون میں انقلابی تبدیلی متعارف کروانے کا اعلان

ایپل کمپنی نے آئی فون کے نئےماڈل میں انقلابی تبدیلی متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ،

اس نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے فون کی تیاری کی لاگت میں غیر معمولی اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے ماڈلز میں پہلی بار روشنی کو کنٹرول کرنے والا متحرک عدسہ متعارف کروایا جاسکتا ہے، جس کی وجہ سے کیمرے کے حصے کی لاگت اپنے پچھلے ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد تک بڑھ جائے گی۔ یہ جدید ترین خصوصیت حالیہ ماڈلز میں استعمال ہونے والے مستقل عدسے کی جگہ لے گی،

جس کی تیاری کے لیے ایک چینی سپلائر کمپنی کو آرڈرز کے بڑے حصے کی ذمہ داری دیے جانے کی امید ہے۔ اس نئے نظام کے ذریعے کیمرہ روشنی کی مقدار کو خودکار یا دستی طریقے سے مینیج کر سکے گا، جس سے خاص طور پر کم روشنی یا زیادہ سائے والے ماحول میں تصویر کشی اور ویڈیو بنانے کا معیار انتہائی شاندار ہو جائے گا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خصوصیت عام صارفین کے بجائے پیشہ ورانہ تصویر کشی کے شوقین افراد کے لیے زیادہ کارآمد ثابت ہوگی۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث موبائل فونز مزید مہنگے ہونے کی افواہیں گرم ہیں،

لیکن رپورٹس کے مطابق کمپنی مارکیٹ میں اپنا مقابلہ برقرار رکھنے کے لیے اس اضافی لاگت کا بوجھ خود اٹھا سکتی ہے۔ کمپنی صارفین پر براہِ راست بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے منافع کے مارجن کو کم کر کے قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کرے گی، جبکہ مستقبل کے ماڈلز میں وسیع زاویے والے سینسرز کی نئی ڈیزائننگ سمیت دیگر بڑے اپ گریڈز بھی متوقع ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close