ان شہروں میں عید پر شدید ترین ہیٹ ویو کا ہائی الرٹ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کر دی، جبکہ بالائی علاقوں، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تربت اور بہاولنگر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی، دادو، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ بعض شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوپہر کے اوقات میں شدید لو اور حبس کا راج رہا۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آج رات لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close