فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر تعینات افسران اور جوانوں کے ہمراہ نمازِ عید ادا کی۔
اس موقع پر پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، غیر متزلزل عزم اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوامِ بلوچستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






