پینٹاگون نے یو ایف او فائلوں کا دوسرا حصہ جاری کر دیا، غیر معمولی واقعات کے سنسنی خیز انکشافات

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اڑن طشتریوں اور غیر شناخت شدہ اڑتی ہوئی اشیاء (UFOs) سے متعلق انتہائی خفیہ فائلوں کا دوسرا حصہ جاری کر دیا ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ ان فائلوں میں آگ کے گولوں، چمکتی ہوئی ڈسکس اور بیماریوں سے شفایابی سے متعلق غیر معمولی سبز روشنی کے گولوں کا ذکر شامل ہے، جس نے دنیا بھر میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

جاری کی گئی 222 فائلوں میں عینی شاہدین اور مختلف افراد کے بیانات بھی شامل ہیں۔ ان میں ایک فائل خصوصی طور پر 116 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں 1948 سے 1950 کے دوران نیو میکسیکو کی ایک انتہائی خفیہ سرکاری تنصیب میں ہونے والے مشاہدات اور تحقیقات کا تفصیلی ریکارڈ موجود ہے۔

اس کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع کی ان دستاویزات میں ملٹری بیسز کے قریب رپورٹ ہونے والے 209 مشاہدات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

اس پیش رفت پر امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی عوام خود ان تمام حقائق اور مشاہدات کو دیکھیں۔

دوسری جانب دفاعی اور سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ UFOs سے متعلق جاری ہونے والی پہلی قسط کی طرح اس دوسرے حصے میں بھی کسی غیر زمینی ٹیکنالوجی یا خلائی مخلوق (ایلینز) کے وجود کا کوئی حتمی یا ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close