بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں گرفتاریاں

 پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر جاری ان کارروائیوں کا مقصد جرائم، منشیات اور مشتبہ سرگرمیوں کا خاتمہ ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 152 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 11 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 160 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح کومبنگ آپریشنز کے تحت بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کی تعداد 77 ہزار 501 رہی، اور ان میں 23 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔

پولیس کے مطابق ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 10 ہزار 771 جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس میں 58 کلاشنکوف، 213 رائفلز، 1999 پسٹلز، 152 بندوقیں اور 44 ریوالور شامل ہیں، جبکہ ہزاروں گولیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں بھی نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی، جہاں 3900 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 3890 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان سے 2536 کلو چرس، 278 کلو ہیروئن، 102 کلو آئس، 47 کلو افیون اور 43 ہزار 514 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت جاری کی ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے اور دہشت گردوں و شرپسند عناصر کے خاتمے کے لیے ڈور ناکنگ کا عمل بھی تسلسل سے جاری رکھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close