نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے بائیو میٹرک ڈیٹا کا مکمل کنٹرول صارفین کے حوالے کر دیا ہے۔ نئے “بائیو میٹرک ڈیٹا رسائی بند” فیچر کے تحت اب صارف کی اجازت کے بغیر تصدیق ممکن نہیں ہوگی۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے پاک شناختی ایپ میں نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارف اپنے بائیو میٹرک ڈیٹا تک رسائی کو خود کنٹرول کر سکے گا۔
ترجمان کے مطابق اس فیچر کو فعال کرنے کے بعد کسی بھی ادارے یا مقام پر فنگر پرنٹ یا چہرے کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق اس وقت تک نہیں ہو سکے گی جب تک صارف خود اجازت نہ دے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے حساس بائیو میٹرک ڈیٹا کو مزید محفوظ بنانا اور اس کا مکمل اختیار صارف کے پاس دینا ہے۔
نئے فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو پاک شناختی ایپ میں داخل ہو کر پروفائل سیٹنگز میں جا کر بائیو میٹرک ڈیٹا رسائی بند کے آپشن کو منتخب کرنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق بعض موبائل فونز میں اس عمل کے دوران فنگر پرنٹ یا تصویر کے ذریعے تصدیق بھی درکار ہو سکتی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ جب بھی کسی جگہ بائیو میٹرک تصدیق ضروری ہو تو صارف عارضی طور پر یہ بندش ہٹا سکتا ہے اور تصدیق کے بعد دوبارہ اسے فعال کر سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






