سی ٹی ڈی آپریشنز، بڑی دہشتگرد تنظیم کے کارندوں سمیت 21 دہشت گرد گرفتار

پنجاب کے مختلف شہروں سے فتنہ الخوارج اور بی ایل اے کے کارندوں سمیت 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر 214 آپریشنز کیے گئے جن میں اہم کامیابی لاہور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے حاصل ہوئی۔

کارروائی کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کا انتہائی خطرناک دہشت گرد پیر شمس بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد عبداللطیف دھماکہ خیز مواد سمیت پکڑا گیا۔

دیگر گرفتار دہشت گردوں میں مصباح، سمیع اللہ، گلاب خان، زارین شاہ اور ضیاالرحمان شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے تخریب کاری کا بڑا سامان برآمد ہوا ہے جس میں آئی ای ڈی بم، 17 ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز وائر، بارودی مواد، ممنوعہ لٹریچر اور نقدی شامل ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار دہشت گرد مختلف شہروں میں حساس مقامات کو نشانہ بنا کر عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث صوبے کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں 5040 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close