عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے ماہرین نے اپنی رائے پیش کر دی ہے، جس کے مطابق اس سال عید 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رویت ہلال کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر اندازہ لگایا گیا ہے کہ ذوالحج 1447 ہجری کا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات تقریباً 1 بج کر 15 منٹ پر پیدا ہوگا۔ اس کے بعد 17 مئی کی شام تک چاند کی عمر اتنی ہو جائے گی کہ اسے ملک کے مختلف علاقوں میں باآسانی دیکھا جا سکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں سورج غروب ہونے کے بعد چاند کچھ دیر تک آسمان پر موجود رہے گا، جس سے اس کے نظر آنے کے امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔ اگر موسم صاف رہا تو 17 مئی کی شام چاند نظر آنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں 18 مئی کو یکم ذوالحج ہوگا۔

مزید تفصیلات کے مطابق 17 مئی کو غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریباً 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ تک ہوگا، جو چاند کی رویت کے امکانات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

اگر 17 مئی کو چاند نظر آ گیا تو عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی، جبکہ اس سائنسی اندازے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب میں عید ایک ہی دن ہونے کا بھی امکان ہے۔

تاہم اگر موسم خراب رہا یا بادلوں کے باعث چاند نظر نہ آ سکا تو عیدالاضحیٰ 28 مئی بروز جمعرات کو ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ عید کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے باضابطہ اجلاس میں چاند کی رویت کے بعد ہی کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close