لاہور میں پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل پر بارش کے بادل منڈلانے لگے ہیں، جس کے باعث اتوار 3 مئی کو ہونے والے فائنل کے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Pakistan Meteorological Department کے مطابق 2 سے 4 مئی کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔ اسی دوران ایک نیا مغربی موسمی نظام ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جو بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
لاہور بھی ان شہروں میں شامل ہے جہاں بارش متوقع ہے، جس کے باعث فائنل میچ میں تاخیر، کھیل میں رکاوٹ یا اوورز کم کیے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اگر بارش رک بھی جائے تو گیلے گراؤنڈ کی وجہ سے ٹاس اور میچ کے آغاز میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
پشاور زلمی پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے، جبکہ اس کا مقابلہ آج ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور حیدرآباد کنگز مدِمقابل ہیں۔
مزید یہ کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے جو میچ انتظامیہ، گراؤنڈ اسٹاف اور شائقین کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ گرج چمک اور آندھی کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اسٹیڈیم جانے سے پہلے موسم کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔ فی الحال سب کی نظریں فائنل سے زیادہ لاہور کے موسم پر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






