دبئی میں سائیکل اور ای اسکوٹر کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیشِ نظر حکام نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے نیا مانیٹرنگ یونٹ قائم کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ای اسکوٹر کے استعمال کیلئے واضح قواعد و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔ نئے قوانین کے تحت ای اسکوٹر پر ایک سے زائد افراد کی سواری پر پابندی ہوگی، جبکہ اسے استعمال کرنے کیلئے کم از کم عمر 16 سال مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ای اسکوٹر کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھی گئی ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں دبئی میں سائیکل اور ای اسکوٹر کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کے مسائل اور حادثات کے خدشات بھی بڑھے ہیں۔ اسی تناظر میں نیا مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے جو ان ذرائع آمدورفت کی نگرانی کرے گا اور قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرے گا۔
مزید برآں سائیکل سواروں کیلئے بھی حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ پہننا اور دور سے نظر آنے والی چمکدار (ریفلیکٹو) جیکٹ استعمال کرنا ضروری ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ٹریفک نظام کو مزید محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






