معروف یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں، جہاں ان کے بیٹے کیوان سلطان کے ساتھ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ تاہم ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ نے اس ویڈیو پر سخت مؤقف اختیار کر لیا ہے۔
ایمان فاطمہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بتایا کہ ان کے بیٹے کیوان سلطان سے منسوب وائرل “فیس ریویل” ویڈیو کو ایک جذباتی لمحے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہےایمان فاطمہ کے مطابق مذکورہ ویڈیو کسی اچانک یا فطری خاندانی ملاقات کی عکاسی نہیں کرتی بلکہ اسے پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت ریکارڈ کیا گیا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر لیک کیا گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس مواد کی تیاری میں رجب بٹ کے قریبی افراد، دوستوں اور رشتہ داروں کا کردار بھی شامل ہے، جنہوں نے ان کے بیٹے کو بغیر اجازت ویڈیو میں شامل کیا۔
ایمان فاطمہ نے کہا کہ ان کے کم عمر بچے کو ان کی رضامندی کے بغیر اس عمل میں شامل کرنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے بلکہ ایک ماں کے طور پر ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نجی خاندانی ملاقات کو عوامی مواد کے طور پر پیش کرنا محض جذباتی اظہار نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
ایمان فاطمہ نے اس رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس میں ذاتی اور خاندانی لمحات کو عوامی پلیٹ فارمز پر تشہیر کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس طرزِ عمل سے بچوں کے جذباتی اور سماجی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






