کاروباری شعبے کیلئےبڑے معاشی ریلیف پیکیج کا اعلان

دبئی میں کاروباری شعبے کے لیے ایک ارب درہم کے معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے۔

یہ منظوری ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کی زیر صدارت ہونے والے دبئی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق یہ معاشی ریلیف پیکیج تین سے چھ ماہ کے لیے نافذ کیا جائے گا، جس کا مقصد کاروباری اداروں اور شہریوں پر معاشی دباؤ کو کم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس ریلیف پیکیج میں مختلف سرکاری فیسوں میں نرمی، فیسوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی سہولت اور کاروباری اداروں کے لیے مالی آسانیاں شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی تین ماہ تک مؤخر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو ریلیف مل سکے۔

حکام کے مطابق اس معاشی پیکیج کا مقصد دبئی میں کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معاشی سرگرمیوں کو مستحکم کرنا ہے، جبکہ یہ اقدام خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close