پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال

اسلام آباد (قومی ایئر لائنز(پی آئی اے) کا 6 سال بعد لندن کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا، اسلام آباد سے لندن کی پہلی پرواز روانہ ہوگئی ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کی لندن کے لئے پروازوں کی بحالی کا افتتاح کر دیا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا تھا کہ لندن کیلئے پی آئی اے پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے،

جلد کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز ہونا چاہیے، کئی لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروازوں کی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کیلئے ایک اہم دن ہے، پی آئی اے اور لندن کا کئی دہائیوں کا ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ 6 سالوں سے یہ تعلق معطل تھا، ہمیں خوشی ہے کہ یہ تعلق آج دوبارہ بحال ہو رہا ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہیں،

اس قدم سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کی خصوصی دلچسپی قابل تحسین ہے،

جین میریٹ کی کاوشوں سے ہی پی آئی اے کی لندن کیلئے پروازیں بحال ہوئی ہیں۔پی آئی اے کی پرواز 329 مسافروں کو لے کرلندن روانہ ہوئی،برطانوی روٹ پرپی آئی ایکا بوئنگ 777 طیارہ استعمال کیا گیا،لندن کیلئے پاکستان سے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ ہونگی،برطانوی شہر مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close