پاکستانی عازمین حج کیلئے حکومت نے نئی شرط عائد کر دی

اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ پر طبی سوالنامہ جاری کر دیا گیا ہے جسے جمعہ تک مکمل کرنا ضروری ہوگا۔ اس فارم میں عازمین کو اپنی صحت سے متعلق سوالات کے جواب “ہاں” یا “ناں” میں دینا ہوں گے۔

سوالنامے میں بلڈ پریشر، دل کے امراض اور شوگر سمیت دیگر بیماریوں کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں، جبکہ دمہ، گنٹھیا اور تھائی رائیڈ سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

وزارت کے مطابق یہ معلومات عازمین کو بہتر اور مربوط طبی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

دوسری جانب پاک حج ایپ میں حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے جبکہ حج پروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی معلومات اور اعلانات کیلئے باقاعدگی سے پاک حج ایپ چیک کرتے رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close