واٹس ایپ میں صارفین کے لیے 6 نئے فیچرز متعارف، آپ بھی جانئے

میٹا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے 6 نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا اجرا 26 مارچ سے مرحلہ وار شروع ہو گیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

سب سے نمایاں فیچر یہ ہے کہ اب آئی او ایس (آئی فون) استعمال کرنے والے صارفین بھی ایک ہی ڈیوائس پر دو مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے، جس کے لیے اب دو فون رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ایک اور اہم فیچر فون اسٹوریج مینجمنٹ کا ہے، جس کے ذریعے صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی بڑی فائلز اور میڈیا کو آسانی سے ڈیلیٹ کر سکیں گے اور اپنے موبائل کی میموری کو بہتر طریقے سے سنبھال سکیں گے۔

اسی طرح کمپنی نے چیٹ ٹرانسفر کو بھی آسان بنا دیا ہے، اب اینڈرائیڈ اور آئی فون کے درمیان چیٹ ہسٹری چند کلکس میں منتقل کی جا سکے گی۔

اس کے علاوہ اسٹیکرز کے استعمال کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، اب ایموجی ٹائپ کرنے پر متعلقہ اسٹیکرز خودکار طور پر تجویز کیے جائیں گے، جس سے چیٹنگ مزید دلچسپ ہو جائے گی۔

میٹا نے اے آئی ٹیکنالوجی کو بھی شامل کیا ہے، جس کے تحت صارفین تصاویر کو بھیجنے سے پہلے ایڈٹ کر سکیں گے، جیسے بیک گراؤنڈ تبدیل کرنا یا غیر ضروری چیزیں ہٹانا۔ تاہم یہ فیچر فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔

مزید برآں، اے آئی رائٹنگ ہیلپ فیچر کے ذریعے واٹس ایپ خودکار طور پر میسجز کے بہتر جواب تجویز کرے گا، جس سے صارفین کو مؤثر انداز میں گفتگو کرنے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کے مطابق ان تمام فیچرز کے باوجود صارفین کی چیٹس کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close