بنگلادیش سے سیریز میں شکست پر شاہد آفریدی برس پڑے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی اور بنگلادیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 1-2 کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی پر برس پڑے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں شامل افراد نے کافی کرکٹ کھیلی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود انہیں یہ معلوم نہیں کہ کس کھلاڑی کو کس فارمیٹ کی کپتانی دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی کارکردگی کی بنیاد پر ون ڈے فارمیٹ کے سینئر کرکٹرز کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا، جو ایک درست فیصلہ نہیں تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سرجری کے نام پر نوجوان کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کیا جا رہا ہے اور انہیں پاکستان ٹیم کی کیپ دی جا رہی ہے، جبکہ اصل سرجری ٹیم کی نہیں بلکہ سلیکشن کمیٹی کی ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جا رہا ہے جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے صرف چند میچ ہی کھیلے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بھی ایسا نہیں کہ وہاں سے مسلسل ایسے کھلاڑی سامنے آئیں جو فوری طور پر قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے قابل ہوں۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کو حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close