انا للہ و انا الیہ راجعون ، دو آئل ٹینکرز میں خوفناک تصادم، جانی نقصان

کراچی: منگھوپیر کے علاقے میانوالی کالونی میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کنواری کالونی کے قریب، ایف 11 بس اسٹاپ کے قریب، آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو افراد کو کچل دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ لال مان شاہ ولد زیر الدین اور 25 سالہ اسد اللہ ولد بسم اللہ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر خوش نواز کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حادثہ آئل ٹینکر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ سڑک کے کنارے پہلے سے خراب حالت میں کھڑا آئل ٹینکر پیچھے سے آنے والے ٹینکر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹینکر بے قابو ہو کر ایک ڈمپر سے بھی ٹکرایا اور اس دوران دونوں افراد ٹینکر کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز میں ڈیزل بھرا ہوا تھا اور حادثے کے بعد دونوں ٹینکرز کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے عوام کو احتیاطاً جائے حادثہ سے دور رکھا ہوا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام نے کہا کہ جاں بحق افراد کے حوالے سے تفتیش جاری ہے اور تاحال تصدیق نہیں ہو سکی کہ دونوں افراد موٹر سائیکل سوار تھے یا نہیں، حادثے کے اصل اسباب کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close