راولپنڈی: پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو بس کے کرایوں میں نمایاں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق کرایوں میں تقریباً 33 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق 26 مارچ سے ہوگا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام بی آر ٹی سروسز، بشمول پاکستان میٹرو بس، کے کرایوں میں 10 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں ریڈ میٹرو بس کا کرایہ 40 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق گرین ٹرانسپورٹ کارڈ رکھنے والے مسافروں کو 15 روپے تک رعایت دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان ریلویز نے بھی ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان ریلویز کے مطابق اکانومی کلاس کے کرایے میں 5 فیصد جبکہ اے سی کلاس کے کرایے میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات میں اضافے کا کچھ بوجھ پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گا۔ اس کے علاوہ مال گاڑیوں کے کرایوں میں بھی 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اضافہ 9 مارچ سے نافذ العمل ہوگا، تاہم اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے کروائی گئی بکنگ پر نہیں ہوگا
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






