کراچی: سابق گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں جاری آئی ٹی کورسز سے وابستہ طلبہ کے لیے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی تعلیم کو فروغ دینے کا جو خواب انہوں نے دیکھا ہے، اسے ہر حال میں حقیقت بنایا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس کے آئی ٹی پروگرام کے تحت اس وقت تقریباً 50 ہزار طلبہ مختلف کورسز میں زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مشکل صورتحال میں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، وہ ہر مرحلے پر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ کامران ٹیسوری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ٹی تعلیم کا یہ سلسلہ کسی بھی صورت میں رکنے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو وہ اپنا گھر بیچ کر بھی طلبہ کے آئی ٹی کورسز مکمل کروائیں گے۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات کے باعث وقتی مایوسی پیدا بھی ہو جائے تو ہمت نہیں ہارنی چاہیے بلکہ پوری لگن اور محنت کے ساتھ تعلیم جاری رکھنی چاہیے۔ سابق گورنر سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس تعلیمی مشن کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






