اسلام اباد ایئرپورٹ کے حوالے سے نیا نوٹم جاری

کراچی: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 16 مارچ کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کے حوالے سے نیا نوٹم جاری کر دیا ہے جس کے تحت مخصوص اوقات میں فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل رہے گا۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 16 مارچ کو صبح 8 بج کر 30 منٹ سے 10 بج کر 30 منٹ تک اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسی بھی کمرشل پرواز کو لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس دوران لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے چھ سیکٹرز بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔ نوٹم میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت کے دوران فضا میں موجود پروازوں کو لینڈنگ کے لیے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ طیاروں کے کپتانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ تاخیر یا ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طیاروں میں اضافی فیول رکھا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شام تقریباً ساڑھے چھ بجے بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اچانک معطل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جو تقریباً رات آٹھ بجے بحال کر دیا گیا تھا۔ اس دوران تمام پروازوں کو لینڈنگ اور ٹیک آف سے روک دیا گیا تھا۔ بعض پروازیں ٹیک آف کے لیے تیار تھیں، جنہیں مدینہ روانہ ہونا تھا اور مسافروں کی بورڈنگ بھی مکمل ہو چکی تھی، تاہم انہیں بھی عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close