پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان ،کب ؟ تاریخ سامنے آگئی

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 26 مارچ سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہم 26 مارچ تک کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں، اس کے بعد پیٹرول پمپس بند کر دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تنگ آچکے ہیں، ڈیلرز کو طلب کے مطابق پیٹرول نہیں مل رہا، اور ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے .

وائس چیئرمین ایسوسی ایشن طارق حسن نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں راتوں رات 55 روپے اضافہ کیا گیا جس میں 21 روپے لیوی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ڈیلرز کو پیٹرول فراہم نہیں کر رہیں، جس کے باعث کئی پمپ ڈرائی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ذخیرہ اندوزی کی ہے اور حکومت نے اس میں معاونت کی ہے .

طارق حسن کا مزید کہنا تھا کہ ڈیلرز کا مارجن 3.69 فیصد سے کم ہو کر 2.59 فیصد (8 روپے 64 پیسے) رہ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوگرا نے گزشتہ سال 1.68 روپے فی لیٹر مارجن بڑھانے کی سمری حکومت کو بھیجی تھی، لیکن وزیراعظم نے اسے ڈیجیٹائزیشن کی شرط پر مسترد کر دیا .

ایسوسی ایشن کے مطابق ان کے تین مطالبات ہیں:
1. 55 روپے فی لیٹر اضافے کی رقم کا آڈٹ کروایا جائے
2. آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں
3. ڈیلرز کا مارجن 8 فیصد تک بڑھایا جائے

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 سے 60 روپے مزید اضافے کا خدشہ ہے .

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close