ملازمین کی 89 دن کی چھٹیوں کی منظوری کے لیے نئے قواعد جاری کر دیے گئے، اب گریڈ 17 تک کے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ 89 دن کی چھٹی دی جا سکے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے تدریسی ہسپتالوں اور صحت کے اداروں میں طبی عملے کی چھٹیوں سے متعلق نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت سینئر ڈاکٹروں کی چھٹیوں کی منظوری کے اختیارات ہسپتال انتظامیہ سے واپس لے لیے گئے ہیں۔
نئے قواعد کے تحت ٹیچنگ ہسپتال گریڈ 17 تک کے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ 89 دن کی چھٹی کی منظوری دے سکیں گے۔ تاہم سینئر رجسٹرار سے لے کر پروفیسرز تک کی چھٹیوں کی منظوری اب محکمہ صحت پنجاب کے حکام دیں گے۔ اسی طرح گریڈ 18 سے 20 کے جنرل کیڈر ڈاکٹروں کی چھٹیوں کی منظوری بھی اب پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مشروط ہوگی۔
البتہ ہسپتال انتظامیہ کو خواتین ڈاکٹروں اور عملے کے لیے میٹرنٹی اور عدت (بیوگی) کی چھٹیوں کی منظوری دینے کا اختیار برقرار رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہسپتال سربراہان کو تمام ڈاکٹروں اور سرکاری ملازمین کے لیے 89 دن تک کی چھٹی منظور کرنے کا اختیار حاصل تھا، تاہم نئے فیصلے کے تحت یہ اختیارات صوبائی سطح پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






