افغان طالبان کی جانب سے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال سیکٹر میں افغان طالبان کی ایک چیک پوسٹ کو نہایت درستگی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان ٹھکانے بھی تباہ ہوئے اور حملہ آور پسپا ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی گئی جس کے جواب میں پاکستان کی فورسز نے ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر میں بھرپور ردعمل دیا۔ باجوڑ کے علاقے میں افغان جانب کی دو چوکیاں بھی تباہ کیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
سرحدی علاقوں میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ملکی خودمختاری اور سرحدی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کی گئی ہے جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور فوری جواب دیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد کے متعدد مقامات پربلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق چترال، خیبر، مہمند، کرم اورباجوڑ کے سیکٹرز میں افغان طالبان فورسز کو سخت جواب دیتے ہوئے بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ کسی کوپاکستان کاامن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان ذمہ دارملک ہونے کی حیثیت سے اپناکردارنبھارہاہے، امن کے قیام کیلئے ریاست اپنی طاقت کااستعمال کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






