خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی سینئر خاتون صحافی انیلہ شاہین انتقال کر گئیں۔
اہلخانہ کے مطابق انیلہ شاہین برین ہیمرج کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
صدر پشاور پریس کلب کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ آج جمعرات کو سہ پہر 3 بجے چمکنی میں ان کے آبائی گاؤں عزیز آباد، انقلاب روڈ پر ادا کی گئی، جس میں صحافتی برادری اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پشاور پریس کلب اور مختلف صحافتی تنظیموں نے انیلہ شاہین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحومہ انیلہ شاہین ایک نڈر، بااصول اور پیشہ ور صحافی تھیں، جن کی صحافتی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انیلہ شاہین صحافیوں کے حقوق اور مفادات کے لیے مختلف عہدوں پر سرگرم رہیں، جن میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کی جنرل سیکرٹری منتخب ہونا بھی شامل ہے، جو خیبرپختونخوا میں ورکنگ جرنلسٹس کی نمائندہ تنظیم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






