پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان پیکیج 2026 کے تحت 12,500 روپے کی مالی امداد حاصل کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کی لازمی شرط ختم کر دی ہے اور نیا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان پیکیج 2026 کے مستحقین کے لیے عائد کردہ بینک اکاؤنٹ کی لازمی شرط کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکام کی جانب سے ایک باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ضرورت مند خاندانوں کے لیے 12,500 روپے مالی امداد کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی تھی کہ تمام مستحقین کا بینک اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔ اس فیصلے پر صوبے بھر سے سخت ردعمل سامنے آیا، جس میں شہریوں اور مقامی نمائندوں نے اسے ایک “غیر حقیقت پسندانہ” شرط قرار دیا تھا۔
دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کے لیے بینکنگ کی سہولیات تک رسائی ناممکن حد تک مشکل تھی، جبکہ دیہاتوں میں رہنے والی اکثریت کے پاس نہ تو بینک اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی وہ بینکنگ کے پیچیدہ طریقہ کار سے واقف ہیں۔
نیا اور آسان طریقہ کار:
حکومت نے رجسٹریشن کے عمل میں درج ذیل تبدیلیاں کی ہیں، جن کے تحت اب مستحقین کو بینک اکاؤنٹ کے بجائے ان کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (CNIC) اور موبائل فون نمبر کی بنیاد پر رجسٹر کیا جائے گا۔
اس فیصلے سے صوبے کے ہزاروں وہ خاندان بھی مستفید ہو سکیں گے جو بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کی وجہ سے امداد سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار تھے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ نیا طریقہ کار شفافیت بڑھائے گا، زیادہ افراد تک مدد پہنچائے گا اور مالی امداد بروقت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






