میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے گروپ میسج ہسٹری نامی نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے تحت جب کوئی شخص کسی گروپ میں شامل ہوتا ہے تو وہ ان پیغامات کو بھی دیکھ سکے گا جو اس کے گروپ میں شامل ہونے سے پہلے بھیجے گئے تھے۔ گروپ میسج ہسٹری فیچر کے ذریعے گروپ ایڈمن اس بات کا انتخاب کر سکتے ہیں کہ نئے ممبر کو کتنے پچھلے پیغامات دکھائے جائیں گے۔ ایڈمن کم از کم 25 اور زیادہ سے زیادہ 250 پیغامات منتخب کر سکتا ہے۔ یہ نظام مختلف پیشہ ور، کمیونٹی یا ذاتی سوشل گروپس کے لیے لچک فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر شیئر کیا گیا پیغام ٹائم سٹیمپ اور بھیجنے والے کی معلومات کے ساتھ دکھائی دیتا ہے اور یہ عام چیٹ پیغامات سے واضح طور پر مختلف نظر آتا ہے تاکہ کوئی الجھن نہ ہو۔
اس اپ ڈیٹ سے قبل، نئے گروپ ممبرز صرف وہ پیغامات دیکھ سکتے تھے جو ان کے شامل ہونے کے بعد بھیجے گئے تھے، جس کی وجہ سے دیگر ممبرز کو دستی طور پر پرانے پیغامات کا خلاصہ فراہم کرنا پڑتا تھا۔ اب یہ فیچر صارفین کو زیادہ آسان کمیونیکیشن فراہم کرتا ہے، جبکہ غیر گروپ ممبرز کے لیے پیغامات تک رسائی محدود رکھنے والی سیکیورٹی برقرار رکھی گئی ہے۔
واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ گروپ میسج ہسٹری فیچر مکمل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ محفوظ رہے گا، جو اس کے موجودہ پرائیویسی معیار کو برقرار رکھتا ہے۔ یہ ایک اختیاری فیچر ہے جس میں ایڈمن پوری گروپ کی آپریشنل شرائط خود طے کر سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





