ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے ،پاکستان کیجانب سے شدید مذمت

 

پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جو اسرائیل کے حملوں کے سلسلے کے بعد کیے گئے۔

ان حملوں پر پاکستان کو خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے پر گہری تشویش ہے۔پاکستان نے واضح کیا ہے کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی تمام اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں، اور ایران کو اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنے دفاع کا جائز حق حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور تشدد کی بے مثال صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے تباہ کن اثرات پورے خطے اور اس سے باہر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان نے زور دیا کہ شہریوں کی جان و مال کا احترام ناگزیر ہے اور تنازع کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ تمام فریقین پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین، بالخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close