اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف نے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے نئے صدر کا اہم بیان سامنے آگیا، جنید اکبر نے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی طرف جانے والے تمام راستے احتجاجاً بند کرکے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، بانی پی ٹی آئی رواں برس 2025 میں رہا ہو جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا کہ ہمیں لگ رہا ہے کہ ہماری مذاکرات کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا، ایک بار پھر مارچ پر غورکر رہے ہیں، اسلام آباد کی طرف آنے کا آپشن موجود ہے۔ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو عہدہ دینے کا مقصد ہے اب کوئی مذاکرات نہیں، مسئلہ سڑکوں پر حل ہونا ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ جی بالکل ایسا ہی ہے، اب اسلام آباد آئے تو پوری تیاری سے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدمات بھی وہاں درج کرتے ہیں جہاں سردی ہو اور بستر بھی نہیں دیتے تھے، میں نے صرف ایک پیغام دیا تھا کہ اگر مجھے توڑا تو زندہ گھرنہیں جا سکوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں سونے نہیں دیا جاتا تھا، ہر تھوڑی دیر بعد تصویریں بنائی جاتی تھیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پارٹی میں سب سے زیادہ محنت کی۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ 8 فروری کو صوابی جلسے کیلئے ایم این ایزکو اعتماد میں لوں گا، اب ہم زیادہ جذبے کے ساتھ احتجاج کے لئے نکلیں گے۔جنید اکبر نے کہاکہ ہم نے پی اے سی کے لئے پہلے شیخ وقاص کا نام دیا تھا، ان کے نام پر حکومت کا اعتراض تھا، جس کے بعد پی اے سی کے لیے بانی پی ٹی آئی نے میرا نام دیا۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر نے کہا کہ اس ہفتے کے پی کابینہ میں کچھ لوگ کم ہو جائیں گے دو نئے شامل کریں گے، ازسر نو تنظیم سازی کریں گے، ہارڈ لائنر لوگ سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ہومیو پیتھک قیادت کو سائیڈ پرکر دیا جائے گا، ہم پہلے رابطہ کرکے نکلتے تھے، اب بغیر رابطے کے نکلیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم 8 فروری کو ڈسٹرکٹ سطح پراحتجاج کریں، ہمارے پاس نکلنے کا آپشن بھی ہے اور ایک آپشن اسلام آباد کا ڈی چوک کا بھی ہے، ہمارے پاس یہ بھی آپشن ہے کہ خیبر پختونخوا کی اہم شاہراہیں بند کردیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں